Saturday, May 18, 2024

لاہور ہائیکورٹ کارانا ثنا اللہ ، اعجاز شاہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کارانا ثنا اللہ ، اعجاز شاہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم
August 6, 2018
لاہور ( 92 نیوز) الیکشن 2018 کے نتائج کے حوالے سے اُمیدواروں کے درمیان عدالتی جنگ جاری ہے  ، لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثنا اللہ  اور پی ٹی آئی کے اعجاز شاہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے دیا جبکہ کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کے احکامات پر پی ٹی آئی کو تشویش لاحق ہو گئی ۔ لاہور ہائیکورٹ میں این اے 106 فیصل آباد سے ن لیگ کے نومنتخب ایم این اے رانا ثنا اللہ کی نا اہلی کے لیے  دائردرخواستوں پر سماعت ہوئی  ، عدالت   نے درخواستوں پر فیصلہ ہونے تک رانا ثنا اللہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے دیا ۔ ایک درخواست اُن کے متنازعہ بیانات سے متعلق جبکہ دوسری ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے متعلق ہے ۔ این اے 118 سے  ن لیگ کی اُمیدوار ڈاکٹر شذرہ منصب نے اعجاز احمد شاہ کی کامیابی کے خلاف درخواست دائر کی  ،عدالت نے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو اعجاز احمد شاہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے دیا ۔ ادھرانتخابی حلقوں کے نتائج روکے جانے پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔  فواد چودھری کا کہنا ہے  20حلقوں کے نتائج روکے جانا انتہائی نا مناسب ہے،انتخابی نتائج میں تعطل سے انتقال اقتدار موخر ہونے کا خدشہ ہے،چیف جسٹس آف پاکستان سے استدعا ہے نامناسب تعطل کا نوٹس لیں۔