Wednesday, March 27, 2024

لاہور ہائیکورٹ کا پی سی بی کو قذافی سٹیڈیم پر عائد پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کا پی سی بی کو قذافی سٹیڈیم پر عائد پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے کا حکم
April 29, 2015
لاہور(92نیوز)لاہورہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو قذافی سٹیڈیم پر عائد پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کرکٹ بورڈ کی پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست مسترد کردی۔ تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ نے درخواست پر کارروائی مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو حکم دیا کہ وہ قذافی سٹیڈیم پر عائد پراپرٹی ٹیکس کی مد میں رقم ادا کرے۔ ہائی کورٹ نے فیصلے میں قرار دیا کہ وہ عمارتیں پراپرٹی ٹیکس سے مستثناءہیں جو سرکاری کنٹرول میں ہیں اور انتظامی طور پر بھی حکومت کے پاس ہیں۔ عدالتی فیصلے میں کرکٹ بورڈ کے اس موقف سے اتفاق نہیں کیا گیا کہ قذافی سٹیڈیم ایک پبلک پارک ہےلاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ قذافی سٹیڈیم دو ہزار دو سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس ہے جبکہ اس کا انتظامی کنٹرول بھی اسی کے پاس ہے۔ ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ قذافی سٹیڈیم لیز پر کرکٹ بورڈ کے پاس ہے اور وہ اس قذافی سٹیڈیم سے ملحقہ دکانوں، ہوٹلوں اور دفاتر کو کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کررہے ہیں اور اس سے آمدن حاصل ہو رہی ہے۔ اس لیے وہ دو ہزار دو سے اب تک پراپرٹی ٹیکس کی مد میں رقم ادا کرنے کا ذمہ دار ہے۔ حکومت پنجاب نے کرکٹ بورڈ کو چھے کروڑ روپے کے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے نوٹس جاری کیے تھے تاہم کرکٹ بورڈ کے وکیل تفضل رضوی کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے ذمے ساٹھ لاکھ روپے پراپرٹی ٹیکس بنتا ہے۔