Wednesday, April 24, 2024

لاہور ہائیکورٹ کا پی ایس ایل میچز کے دوران ٹریفک جام کا نوٹس

لاہور ہائیکورٹ کا پی ایس ایل میچز کے دوران ٹریفک جام کا نوٹس
March 6, 2020
 لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ایس ایل میچز کے دوران ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا۔ پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد جہاں بہت سے لوگوں کے لیے مقام راحت ہے تو وہیں مقام زحمت بھی بن گیا۔ ٹورنامنٹ کے میچز کے دوران بدترین ٹریفک جام ہونے کا لاہور ہائیکورٹ نے بھی نوٹس لے لیا۔ معزز عدالت نے پی سی بی اور سی ٹی او کو جوڈیشل واٹر کمیشن کیساتھ میٹنگ کر کے آئندہ سماعت پلان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ گھنٹوں گھنٹوں ٹریفک جام رہتی ہے، میں خود تین بار ٹریفک میں پھنسا ہوں۔ اپنی تو خیر ہے لیکن جو ہزاروں شہری پی ایس ایل میچز کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوتے ہیں وہ اہم ہیں۔ پی ایس ایل کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور ان میچز کی وجہ سے ہی سارا لاہور بند ہو جاتا ہے۔ حکومت کو خیال ہی نہیں کہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ میچز کرانے کا یہ مطلب نہیں ماحولیاتی آلودگی کو نہ دیکھا جائے۔ جسٹس شاہد کریم نے مزید ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جنریٹرز چلانے کے لیے کروڑوں کا ریونیو استعمال کیا جاتا ہے۔ آئندہ سماعت پر اگر واضح پلان کیساتھ نہ آئے تو پی ایس ایل پر حکم امتناعی جاری کر دوں گا۔ جسٹس شاہد کریم نے لاء آفیسر کو 13 مارچ کو پی سی بی اور تمام متعلقہ حکام سے ہدایات لیکر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔