Thursday, April 25, 2024

لاہور ہائیکورٹ کا شہباز شریف کو کورونا ٹیسٹ کرا کر رپورٹ جمع کرانے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کا شہباز شریف کو کورونا ٹیسٹ کرا کر رپورٹ جمع کرانے کا حکم
June 29, 2020
 لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سے کورونا ٹیسٹ کرا کر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ انسٹیٹوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سائنسز کے ڈائریکٹر شہباز شریف کی کورونا کی رپورٹ عدالت میں پیش کریں ۔ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کر دی ۔ عدالت نے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی تاریخ میں بھی سات جولائی تک توسیع کر دی ۔ جسٹس سرادر احمد نعیم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ۔ عدالت نے استفسار کیا شہباز شریف کی طرف سے کیا نئی درخواست دائر کی گئی ہے۔ وکیل شہباز شریف نے کہا شہباز شریف کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دی گئی ہے۔ شہباز شریف کینسر کے مریض ہیں انکی ریکوری آہستہ ہوتی ہے۔ شہباز شریف کورونا کی وجہ سے آئسولیشن میں ہیں ۔ 14 دن گزرنے کے باوجود شہباز شریف کو کورونا کی علامات ہیں ۔ عدالت نے استفسار کیا ضمانت منظور ہونے کے بعد 7 دن تھے ۔ ان دنوں میں مچلکوں پر دستخط کیوں نہیں کرائے گئے ۔ اس پر وکیل شہباز شریف کا کہنا تھا شہباز شریف نے دستخط کرنے لاہور ہائیکورٹ آنا تھا لیکن بدقسمتی سے ان کا کورونا پازیٹو آ گیا ۔ شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ عدالت نے استفسار کیا جب شہباز شریف نے ٹیسٹ ہی نہیں کرایا تو کیسے کہ سکتے ہیں کہ وہ ابھی بھی کورونا کے مریض ہیں  جس پر وکیل شہباز شریف نے کہا 9 جون کو نیب نے شہباز شریف کو بلایا اور شہباز شریف پیش ہوئے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ایک سال 2 ماہ ہو گئے ہیں۔ نیب منی لانڈرنگ کا ریفرنس دائر نہیں کر رہی ۔ کون کون سی لیبارٹریز کرونا کے ٹیسٹ کر رہی ہیں جس پر وکیل شہباز شریف کا کہنا تھا شوکت خانم اور زینت لیب اور دیگر کورونا کے ٹیسٹ کر رہی ہیں۔ وکیل نیب فیصل بخاری نے کہا شہباز شریف نے تو مچلکوں پر بھی دستخط نہیں کیے۔ شہباز شریف نے 25 جون کو کرونا کا ٹیسٹ کروانا تھا لیکن نہیں کرایا گیا ۔ اس طرح تو شہباز شریف ٹائم مانگتے جائیں گے ۔ اگر عدالت مناسب  سمجھے تو حاضری معافی کی درخواست منظور کر کہ دلائل سن لیں ۔ شہباز شریف کی عدم موجودگی میں کیس سن کر فیصلہ کر دیں جس پر لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سے کورونا ٹیسٹ کرا کر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔