Saturday, May 18, 2024

لاہور ہائیکورٹ کا شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم ‏

لاہور ہائیکورٹ کا شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم ‏
March 26, 2019

لاہور ( 92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی  شہباز شریف کا نام  ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے  کا حکم دےدیا ۔عدالت نے ریمارکس دئیے صرف الزامات کی بنیاد پر کسی کا نام ای سی ایل میں کیسے ڈالا جا سکتا ہے۔

لاہور  ہائیکورٹ نے شہباز شریف کانام ای سی ایل سے نکالنےکا حکم دے دیا،جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نےدرخواست پرسماعت کی۔

عدالت نےنیب کو دستاویزی ثبوت پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ زبانی کلامی بات نہ کریں،کیا الزامات کی بنیاد پر کسی کی آزادی سلب کی جا سکتی ہے؟ ۔

نیب پراسکیوٹرنے مؤقف اختیار کیاکہ شہباز شریف کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں جس پر انکوائری کی جارہی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف پاکستان میں موجود تھے تو نام ای سی ایل میں ڈالنے سے پہلے ان کا مؤقف کیوں نہیں سنا گیا؟۔

شہباز شریف کے وکیل نے بتایا نیب کے کہنے پر ایف آئی اے نے شہباز شریف کا نام  ای سی ایل میں ڈالا،میرے موکل انکوائری کے دوران بھی بیرون ملک  جاکر واپس آتے رہے ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر کا عدالت میں کہنا تھاکہ شہباز شریف کے 3300ملین کے آمدن سے زائد اثاثہ جات ہیں انکے  خلاف ابھی انکوائری جاری ہے۔