Sunday, September 8, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے ٹرسٹ کیلئے حاصل کردہ اراضی کی قیمت ادا کرنے کیلئے پنجاب حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دیدی

لاہور ہائیکورٹ نے ٹرسٹ کیلئے حاصل کردہ اراضی کی قیمت ادا کرنے کیلئے پنجاب حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دیدی
May 14, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کیلئے حاصل کردہ اراضی کی قیمت ادا کرنے کےلئے پنجاب حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔ عدالت نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ اپنی ہی اراضی کی قیمت وصول کرنے کےلئے لوگوں کو چھ، چھ سال چکر لگانا پڑتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس عبادالرحمان لودھی نے انسٹیٹیوٹ آف اسلامک کلچر کی جانب سے درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت سے استدعا کی کہ اراضی کی ادائیگی کےلئے مہلت دی جائے۔ اس پر عدالت نے افسوس کا اظہار کیا کہ اپنی زمین کی رقم کی وصولی کےلئے لوگوں کو چھ ، چھ سال محکموں کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ عدالت نے چیف سیکرٹری اور ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب اراضی لینے کےلئے قانون موجود ہے تو اس پر عمل کیوں نہیں کیا جاتا۔ عدالت نے حکومت کو پچیس مئی تک درخواست گزار ادارے کو رقوم کی ادائیگی کر کے اس کی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انسٹیٹیوٹ آف اسلامک کلچر نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کےلئے حاصل کردہ اراضی کی چھ سال گزرنے کے باوجود رقم ادا نہ کرنے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔