Friday, April 26, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے سستی چینی کے نام پر عوام کی تذلیل اور لمبی قطاروں کا نوٹس لے لیا

لاہور ہائیکورٹ نے سستی چینی کے نام پر عوام کی تذلیل  اور لمبی قطاروں کا نوٹس لے لیا
April 20, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سستی چینی کے نام پر عوام کی تذلیل اور لمبی قطاروں کا نوٹس لے لیا۔ عدالت نے پرچون کی دکانوں پر چینی کی عدم فراہمی پر پنجاب حکومت پر برہمی کا اظہار کیا۔

لاہور ہائیکورٹ  میں چینی کی قیمت  مقرر کرنے کے خلاف  شوگر ملز کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے مقامی سطح پر پرچون کی دکانوں پر چینی کی عدم فراہمی اور رمضان بازاروں میں لمبی قطاروں کا نوٹس لے لیا۔

ریمارکس دئیے ایک کلو چینی کیلئے شہری پانچ پانچ گھنٹے لمبی قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں۔ سستی چینی کے لئے عوام کو بھکاری بنا دیا گیا۔ اگر شہریوں نے قطاروں میں لگ کر چینی لینی ہے تو کیوں نا وہ مفت چینی فراہم کرنے والوں کے گھر کے باہر قطاریں بنا لیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ  چینی کی فراہمی اور قیمتوں پر عمل درآمد کروانے کا اختیار پنجاب حکومت کا ہے۔ پرچون کی سطح پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں لوگوں کی لائنیں نہیں لگ رہی ، کرسیوں پر بٹھا کر چینی فراہم کی جارہی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نا اس معاملے پر لوکل کمیشن مقرر کردیا جائے۔ اس کی رپورٹ پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔

عدالت نے رمضان بازاروں پر فوری طور پر قطاریں ختم کرکے کل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔