Saturday, May 18, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاون کی نئی جے آئی ٹی کو کام سے روک دیا

لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاون کی نئی جے آئی ٹی کو کام سے روک دیا
March 23, 2019

 لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی جے آئی ٹی کو کام سے روک دیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب کا نوٹیفکیشن معطل اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کر لیا۔

 فیصلے سے قبل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ عدم اعتماد کریں عدالت  فیصلہ سنائے گی، فیصلہ متعلقہ فورم پر چیلنج کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نےمؤقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا کہ اتنے اہم مقدمے کے بارے میں ایڈووکیٹ جنرل آفس کو اطلاع تک نہیں دی گئی۔

 جسٹس ملک شہزاد احمد نے ریمارکس دیئے کہ اپنی آواز نیچی رکھیں ورنہ توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ ایڈووکٹ جنرل نے کہا اونچا بول رہا ہوں تاکہ میری آواز عدالت تک جائے، نہ سنا گیا تو واک آؤٹ کروں گا۔

 جسٹس ملک شہزاد احمد نے استفسار کیا کہ کیا آپ عدالت کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیںِ؟ہم نے آپ کامؤقف سن لیا۔

 عدالت کے تین رکنی بینچ نے جے آئی ٹی کے خلاف دو درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔