Saturday, April 20, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ سعدرفیق، سلمان رفیق کی درخواست ضمانت منظور کرلی

لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ سعدرفیق، سلمان رفیق کی درخواست ضمانت منظور کرلی
October 15, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق  کی درخواست ضمانت منظور کر لی اور نیب کو 24 اکتوبر تک گرفتاری سے بھی روک دیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نےخواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق  کی حفاظتی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی ،  درخواست میں  وارنٹ گرفتاری کے حوالے سے تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 16 اکتوبر کو نیب نے خواجہ برادران کو طلب کر رکھا ہے ،  درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے جو ریکارڈ مانگا،فراہم کیا ہے  ، خدشہ ہے نیب کی جانب سے ان کے مؤکلین کوگرفتار کر لیا جائے گا، لہٰذا لاہور ہائی کورٹ  ضمانت منظور کرے ۔ سماعت کے دوران خواجہ برادران کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے شہباز شریف کی گرفتاری کا تذکرہ کیا تو بنچ نے انہیں روک دیا اور واضح کیا کہ کیس تک محدود رہیں ۔ عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی کی درخواست ضمانت پانچ لاکھ کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر دیئے اور نیب کو 24 اکتوبر تک گرفتاری سے روک دیا۔