Wednesday, April 24, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا

لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا
October 29, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے متوقع میئر خواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکتے ہوئے اس کو عدالتی فیصلے سے مشروط قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ احمد حسان کی لاہور کی یونین کونسل ایک سو سات سے بلامقابلہ کامیابی کو مقامی شہری مسعود عزیز نے چیلنج کیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کے روبرو درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاءایڈووکیٹ نے یہ قانونی نکتہ اٹھایا کہ قانون کے تحت سرکاری عہدے پر فائز رہنے والا کوئی بھی عہدے دار دو برس تک الیکشن لڑنے کا اہل نہیں ہوتا۔ خواجہ احمد حسان بھی وائس چیئرمین ایل ڈی اے رہ چکے ہیں اور کاغذات نامزدگی سے پہلے ہی عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں۔ شیراز ذکاءایڈووکیٹ کے مطابق خواجہ حسان نے دو برس تک انتخاب نہ لڑنے کی قانونی معیاد پوری نہیں کی اس لیے وہ انتخاب لڑنے کے لئے نااہل ہیں۔ ان کے کاغذات نامزدگی خارج کرتے ہوئے نااہل قرار دیا جائے۔ خواجہ حسان کی جانب سے ان کے وکیل نے مہلت طلب کی جس پر ہائیکورٹ نے درخواست پر کارروائی تین نومبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے خواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکتے ہوئے اس کو عدالتی فیصلے سے مشروط قرار دے دیا۔