Saturday, May 18, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی روکنے کا حکم دے دیا

لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی روکنے کا حکم دے دیا
August 6, 2018
لاہور ( 92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی روکنے کا حکم دے دیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے  جسٹس مامون الرشید نے پاکستان تحریک انصاف کے  رہنما عثمان ڈار کی  جانب سے دائر درخواست پر  خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔ عثمان ڈار نے اپنی درخواست میں ریٹرننگ افسر اور خواجہ آصف کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا کہ  میں نے سیالکوٹ این اے 73 سے عام انتخابات 2018 میں حصہ لیا مگر ریٹرننگ افسر نے فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو فراہم نہیں کیا جبکہ میرے حلقے میں 7ہزار 346وٹ مسترد ہوئے، میرے اور جیتنے والے امیدوار خواجہ آصف کے حاصل کردہ ووٹوں میں صرف ایک ہزار 406 ووٹوں کا فرق ہے ،  میں نے ریٹرننگ افسر کو ووٹوں کی دوبارہ  گنتی کی درخواست دی مگر اسے مسترد کر دیا گیا۔  لہٰذا عدالت دوبارہ گنتی  کا حکم دے کر خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے ۔ عدالت نے عثمان ڈار کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے  حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے دیا۔ قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے  حلقہ  این اے  106 فیصل آبادکے کامیاب امیدوار رانا ثنا اللہ اور حلقہ این اے 118 سے کامیاب امیدوار اعجاز احمد شاہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی روکنے کا حکم دیا تھا۔