Friday, May 10, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں آٹھ مئی تک توسیع کر دی

لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں آٹھ مئی تک توسیع کر دی
April 25, 2019

لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اثاثہ جات، صاف پانی انکوائری اور رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں آٹھ مئی تک توسیع کر دی۔

 عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو اگلی سماعت پر ہدایت لے کر دستاویزات پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

 نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ نے بتایا کہ مشتبہ رقم کا تبادلہ ہوا ہے۔ شہبازشریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے نو فیکٹریاں بنائیں۔ کروڑوں روپے ان کے اکاؤنٹس میں آئے۔

  نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ نے مشکوک ٹرانزیکشن کی نشاندہی کی۔ منی لانڈرنگ سے متعلق دستاویزات حساس ہیں جوعدالت میں دکھا سکتے ہیں۔

 حمزہ شہباز کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گرفتاری کی وجوہات  اور شکایات کیا ہیں ہمیں نہیں بتایا جا رہا۔ اگر یہ کیس فنانشل تحقیقاتی ایجنسی کوبھجوایا جاتا ہے تو سماعت کا اختیار سیشن عدالت کو ہے۔ نیب  کو گرفتاری کا اختیار نہیں، ہمیں دستاویزات نہیں دی جارہیں۔

 عدالت میں پیشی سے پہلے حمزہ شہباز کے ترجمان عطا تارڑ نے کہا کہ سماعت کے لئے ہماری پوری تیاری ہے۔

 حمزہ شہباز عدالت پہنچے تو سکیورٹی کی وجہ سے کورٹ روم کے دروازے میں پھنس گئے۔ کافی دیر کھڑے رہنے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے اندر جانے کی اجازت دی۔

 کیس کی سماعت کے بعد حمزہ شہباز واپس روانہ ہو گئے۔