Thursday, March 28, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی
January 16, 2019
 لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 روز میں جواب طلب کر لیا۔ حمزہ شہباز نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔ حمزہ شہباز کی درخواست میں وزارت داخلہ، ایف آئی اے، ڈی جی امیگریشن اور نیب کو فریق بنایا گیا۔ حمزہ شہباز نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کا نام غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔ نیب کی تفتیش میں مکمل تعاون کیا۔ طبی وجوہات کی بناء پر بیرون ملک جانا چاہتا ہوں۔ عدالت ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دے۔ نیب نے حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔ نیب نے وزارت داخلہ کو نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے خط لکھا۔ حمزہ شہباز کے خالف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں تحقیقات کی جارہی  ہیں۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کے لئے سرکاری خزانے سے کروڑوں کی ادائیگیوں کا الزام ہے۔ ذرائع کے مطابق رمضان شوگر ملز چنیوٹ کے لئے مبینہ طور پر سرکاری خزانے سے پُل تعمیر کروایا گیا۔ چنیوٹ میں شوگر مل کا پل تعمیر کرنے پر بیس کروڑ روپے سے زائد اخراجات سرکاری فنڈز سے کئے گئے۔ چنیوٹ میں شریف برادران کی رمضان شوگر ملز انتظامیہ نے سروے کا بہانہ بنایا اور اندر کھاتے غیرقانونی نالے کی تعمیر کا معاملہ دبانے کے لئے دیہاتیوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی سب تدبیریں ناکام ہو گئیں۔ دیہاتیوں نے سروے ٹیم کے 11 افراد کو گرفتار کروا دیا۔ زیر حراست افراد نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ انہیں غیر قانونی نالے کی حمایت میں بیان پر دستخط کروانے کیلئے بھیجا گیا ۔ اصل معاملہ یہ ہے کہ شریف برادران کی شوگر ملز کیلئے نالے کی تعمیر پر عوام کے کروڑوں روپے خرچ کئے گئے اور اب نیب کے شکنجے سے بچنے کیلئے حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ سروے ٹیم کے سپروائزر اب بھی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ۔