Sunday, September 8, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے بچے کو چچا سے لیکر ماں کیساتھ رُخصت کر دیا

لاہور ہائیکورٹ نے بچے کو چچا سے لیکر ماں کیساتھ رُخصت کر دیا
July 14, 2016
لاہور (92نیوز) بھائی سے جدائی کا غم‘ بہنوں نے احاطہ عدالت میں واویلا مچا دیا۔ عدالت نے سمن آباد کی رہائشی عشرت بی بی کی درخواست پر چچا سے بھتیجا واپس لے کر ماں کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کا احاطہ وقت اکھاڑے کامنظر پیش کرنے لگا جب عدالت نے بچہ ماں کے حوالے کرنے کاحکم دیا۔ اس پر دادی اور بہنوں نے واویلا مچا دیا۔ سمن آباد کی رہائشی عشرت بی بی نے اپنے نو سالہ بیٹے کی حوالگی کیلئے عدالت سے رجوع کیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شوہر فوت ہو چکا ہے اور سسرالیوں نے اس کے بیٹے کو زبردستی چھین لیا ہے۔ بچہ اس کے حوالے کیا جائے۔ عدالت میں بچے کے چچا نے بتایا کہ عشرت بی بی کی تین بیٹیاں اور بھی ہیں جن کو وہ دادی کے پاس چھوڑ گئی ہے اگر بیٹیاں پال سکتے ہیں تو بیٹا بھی ہمارے حوالے کیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بچہ ماں کے حوالے کرنے کاحکم دیا ا ور چچا کو بھتیجے کی حوالگی کے لیے گارڈین کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ فیصلہ سنتے ہی بہنوں نے شور مچا دیا اور بھائی کو ماں سے چھیننے کی کوشش کرتی رہیں۔ بچے کی دادی نے کہا کہ اس کی بہو اپنی بیٹیوں کو چھوڑ گئی ہے اور بیٹا ساتھ لے گئی۔ احاطہ عدالت میں ہنگامہ آرائی کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے فریقین کو چوکی میں بند کر دیا اورعدالتی احکامات پھر عمل کراتے ہوئے بچہ ماں کے حوالے کر دیا۔