Saturday, May 4, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے بسنت منانے کے اعلان کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے

لاہور ہائیکورٹ نے بسنت منانے کے اعلان کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے
December 21, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کا بسنت منانے کے اعلان کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری کر دئیے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان نے صفدر شاہین پیرزادہ ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار وکیل نے جواز پیش کیا کہ بسنت خونی کھیل کی شکل اختیار کر گیا تھا جس کی وجہ سے پابندی لگائی گئی، ایسی کوئی بھی تفریح جو انسانی جانوں کے ضیاع کی وجہ بنے، اس کی اجازت دینا خلاف آئین ہے۔ درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے بسنت جیسے خونی کھیل کی اجازت دے رہی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی اس سے اموات ہونے اور شہریوں کی زندگی کو خطرہ ہے ، اس لیے حکومت کا بسنت کی اجازت دینے کا اقدام کالعدم قرار دیتے ہوئے پابندی برقرار رکھی جائے۔ عدالت نے چھبیس دسمبر تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کر دئیے۔