Sunday, September 8, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے اورنج ٹرین منصوبے کی زد میں آنے والی تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی

لاہور ہائیکورٹ نے اورنج ٹرین منصوبے کی زد میں آنے والی تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی
July 11, 2016
لاہور(92نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی زد میں آنے والی تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے بارے میں پنجاب حکومت سے تفصیلی جواب مانگ لیا عدالت نے قرار دیا ہے کہ اگر یونیسکو نے روٹ بدلنے کا مطالبہ کیا تو کیا انتظامات کیے جائیں گے۔ تفصیلات کےمطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے بتایا کہ عالمی ادارے اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کی زد میں آنے والی تاریخی عمارتوں کے لئے اسے خطرہ قرار دے رہے ہیں، حکومت نے تاریخی عمارتوں کے حوالے سے نظر ثانی این او سی جاری بھی کیا ہے، درخواست گزار کے مطابق یونیسکو نے شالامار باغ کے تحفظ کے لئے اجلاس بلایا اور تاریخی عمارتوں کی حفاظت کے لئے سفارشات مرتب کی ہیں، سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ حکومت بتائے کہ یونیسکو کی سفارشات پر کیسے عمل کیا جائے گا اور اگر یونیسکو نے منصوبے کا روٹ تبدیل کرنے کا کہا تو پھر حکومت کیا کرے گی؟ لاہور ہائیکورٹ نے تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے بارے میں درخواست پر پنجاب حکومت کو تفصیلی جواب دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔