Friday, May 10, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی
November 16, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمشنر لاہور اور ڈی جی پی ڈی ایم اے پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی۔

 باغوں کا شہر لاہور آلودہ ترین شہروں میں شامل ہو گیا۔ شہر کا ائیر کوالٹی انڈکس 167 تک پہنچ گیا۔ مزنگ کے علاقے میں 181، ماڈل ٹاؤن 167 ، کینٹ میں 152 جبکہ ٹھوکر کے علاقے میں 182 ائیر کوالٹی انڈکس ریکارڈ کیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ پر قابو نہ پانے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت کا کہنا تھا لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن چکا ہے۔ پنجاب حکومت صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہے۔ سرکاری افسران صرف دفتروں میں بیٹھے رہتے ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا تھا اسکولوں اور دفاتر کے اوقات کار تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ لاک ڈاون کے حوالے سے بات چل رہی ہے۔

ادھر اسموگ کی بگڑتی صورتحال پر اسٹنڈنگ کابینہ کمیٹی برائے اسموگ کا اہم اجلاس ہوا ۔ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اسموگ نے سکول بند کرنے کی تجاویز مسترد کر دی۔

دوسری طرف مسلم لیگ ن نے فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی۔

اس کے علاوہ شہر میں بڑھتی اسموگ کے پیش نظر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کا کہنا ہے 28 ہزار 660 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی جنہیں ایک کروڑ 17 لاکھ سے زائد جرمانہ کیا گیا۔

دوسری جانب دھواں چھوڑنے اور آلودگی پھیلانے والے 8 انڈسٹریل یونٹس کو بھی سیل کر دیا گیا۔