Friday, April 26, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی

لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی
April 7, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہورہائیکورٹ نے احد چیمہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے احد چیمہ کو 10، 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے احد چیمہ کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ احد چیمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل تین سال سے جیل میں ہے۔ ریفرنس میں 210 گواہان ہیں جن میں سے 63 کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں۔ احد چیمہ کے 9 رشتے داروں کو بے نامی دار بنایا گیا ہے جنہیں ابھی نوٹس جاری نہیں ہوئے۔ اگر بے نامی داروں نے اپنی جائیدادوں کے ثبوت فراہم کر دیئے تو تین سال قید کا ذمہ دار کون ہو گا؟

 نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ انہیں جواب جمع کروانے کے لیے چند روز دیئے جائیں۔ ٹرائل کورٹ کی رپورٹ آنے دیں معلوم ہو جائے گا کہ کیس میں سب سے زیادہ التواء کس کی طرف سے مانگا گیا۔

 عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم احد چیمہ کی دس دس لاکھ کے دو مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔