Sunday, September 8, 2024

لاہور ہائیکورٹ میں مزید علاقائی بنچز کے قیام کی تجویز مسترد

لاہور ہائیکورٹ میں مزید علاقائی بنچز کے قیام کی تجویز مسترد
July 18, 2016
لاہور (92نیوز) فل کورٹ نے پنجاب میں ہائیکورٹ کے مزید علاقائی بنچز کے قیام کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں فل کورٹ نے نئے بنچز کی تشکیل کے بارے میں فیصلہ سنایا۔ تین روز تک جاری رہنے والے فل کورٹ اجلاس میں ہائیکورٹ کے تمام سینتالیس ججز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہائیکورٹ کے فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان میں علاقائی بینچز کے قیام کی تجویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد نئے علاقائی بنچز کے قیام بارے فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا۔ فل کورٹ اجلاس کے مختصر فیصلے میں پنجاب کے پانچ اضلاع میں علاقائی بینچز کی تشکیل کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا۔ ہائیکورٹ کے فل کورٹ کے فیصلے سے گورنر پنجاب کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ گورنر پنجاب نے 18 مارچ 2013ءکو ہائیکورٹ کے مزید علاقائی بینچز کے قیام کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کو چٹھی لکھی تھی۔ 1981ءمیں لاہور ہائیکورٹ کے تین اضلاع راولپنڈی، ملتان اور بہاولپور میں علاقائی بینچز تشکیل دیے گئے تھے اور 36 برس کے بعد مزید پانچ اضلاع میں لاہور ہائیکورٹ کے علاقائی بینچز کی تشکیل کی تجویز پر غور کیا گیا۔