Wednesday, April 24, 2024

لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ پر قابو پانے سے متعلق جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمنٹ کمیشن کی سفارشات جمع

لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ پر قابو پانے سے متعلق جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمنٹ کمیشن کی سفارشات جمع
November 19, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ پر قابو پانے سے متعلق جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمنٹ کمیشن نے سفارشات جمع کروا دیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ پر قابو پانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے چیف ٹریفک پولیس آفیسر کا تبادلہ کرنے سے روکتے ہوئے مئیر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر کو 23 نومبر کو طلب کر لیا۔

درخواستگزار کے وکیل ابو ذر سلمان خان نیازی نے عدالت کو بتایا کہ چیف ٹریفک پولیس آفیسر بہتر کام کر رہے ہیں۔ خدشہ ہے چیف ٹریفک پولیس آفیسر کو تبدیل کردیا جائے گا جس پر عدالت نے چیف ٹریفک پولیس آفیسر کا تبادلہ کرنے سے روک دیا۔

چیئرمین جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمنٹ کمیشن کے فوکل پرسن کمال حیدر ایڈووکیٹ نےٹریفک  کی روانگی برقرار رکھنے سے متعلق سفارشات پیش کیں۔ سفارش کی گئی کہ شہر میں غیر ضروری اور عارضی پارکنگ کو فوری ختم کیا جائے۔ شہر میں روزانہ کی بنیاد پر اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کیے جائیں۔ فٹ پاتھوں پر رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں کی جائے۔ پیدل سڑک کراس کرنے والوں کو اوور ہیڈ برج استعمال کرنے کی آگاہی دے جائے۔

اس دوران صوبائی دارالحکومت لاہور میں انسداد اسموگ اسکواڈز نے دھواں چھوڑنے والے صنعتی یونٹس سیل کرکے مقدمات کا اندراج کروا دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار تہنیت بخاری نے کارروائی کرتے ہوئے آلودگی کا باعث بننے والے چار یونٹس سیل کر دیئے۔