Friday, April 26, 2024

لاہور ہائیکورٹ علاقائی بینچ کے قیام کیلئے وکلاء کا احتجاج چھٹے روز بھی جاری

لاہور ہائیکورٹ علاقائی بینچ کے قیام کیلئے وکلاء کا احتجاج چھٹے روز بھی جاری
November 20, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) لاہور ہائی کورٹ علاقائی بینچ کے قیام کے لیے وکلاء کا احتجاج چھٹے روز بھی جاری ہے۔ فیصل آباد میں وکلاء نے ایک بار پھر عدالتوں کی مکمل تالہ بندی کر دی۔ فیصل آباد اور سرگودھا میں لاہور ہائی کورٹ علاقائی بینچ کے قیام کا مطالبہ کرنے والے وکلاء ایک بار پھر آپے سے باہر ہونے لگے۔ وعدے کے مخالف وکلاء نے ایک بار پھر ضلع کچہری کی مکمل تالہ بندی کرتے ہوئے سائلین کے لیے راستے بند کر دیئے جبکہ موبائل سے ویڈیو بنانے کی کوشش کرنے والا شہری بھی وکلاء کے اعتاب کا نشانہ بن گیا۔ کالے کوٹ والوں نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس سے بھی ملازمین کو زبردستی باہر نکال دیا اور تالہ بندی کرکے شدید نعرے بازی کی۔ سرگودھا میں بھی وکلاء نے عدالتوں کی تالہ بندی کرتے ہوئے سائلین کو اندر جانے سے روک دیا اور ضلع کچہری کے باہر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ کشیدہ حالات کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری موقع پر طلب کر لی گئی۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ علاقائی بینچ کا قیام انکا حق ہے، مطالبہ پورا نہ ہونے تک عدالتی بائیکاٹ اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔