Wednesday, April 24, 2024

لاہور ہائی کورٹ نے نجی اسکولز کو اضافی فیس ادا نہ کرنے والے بچوں کو نکالنے سے روک دیا

لاہور ہائی کورٹ نے نجی اسکولز کو اضافی فیس ادا نہ کرنے والے بچوں کو نکالنے سے روک دیا
November 30, 2019
 لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے نجی اسکولز کی اضافی فیسوں کی وصولی کے معاملے پر بچوں کو سکولز سے نکالنے سے روک دیا اور اضافی فیس کی عدم ادائیگی پر بچوں کی عزت نفس مجروح نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ نجی اسکولز میں بچوں سے اضافی  فیسوں کی وصولی لینے کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے عبوری احکامات جاری کیے۔ درخواست میں نجی اسکولز کے اضافی فیس وصول کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا جبکہ جاری ہونے والے عبوری حکم میں لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت کی ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق فیسیں وصول کی جائیں گی۔ لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نجی اسکولز کی فیسوں کے معاملے پر جامع رپورٹ پیش کرے گی۔ ہائیکورٹ نے یہ بھی ہدایت کی کہ والدین کو وصول کردہ اضافی فیس سات دنوں میں واپس کی جائے گی۔ نجی اسکولز کی اضافی فیسوں کیخلاف درخواستوں پر مزید سماعت 11 دسمبر کو ہو گی۔