Thursday, April 18, 2024

لاہور : گورنمنٹ سائنس کالج کے کیشئر کی بینک میں فائرنگ ، آپریشنل اور اسسٹنٹ منیجر سمیت 3 افراد جاں بحق،4زخمی

لاہور : گورنمنٹ سائنس کالج کے کیشئر کی بینک میں فائرنگ ، آپریشنل اور اسسٹنٹ منیجر سمیت 3 افراد جاں بحق،4زخمی
July 9, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور میں گورنمنٹ سائنس کالج کے کیشئر نے بینک میں فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں بینک کے آپریشنل منیجر اور اسسٹنٹ منیجر سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ چار شدید زخمی ہو گئے، ملزم کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ گلشن اقبال کے علاقے کریم بلاک کے نجی بینک میںگورنمنٹ سائنس کالج کے اکاونٹس میں رقوم جمع کروانے کیلئے آنیوالے کالج کے کیشئر عبداللہ نے بینک کے مرکزی دروازے پر فائرنگ کی جس کی زد میں آکر بینک کا ایک سکیورٹی گارڈ خالد اور اسسٹنٹ منیجر سہیل جاں بحق ہو گئے۔ ملزم فائرنگ کرتے ہوئے بینک میں گھس گیا اور آپریشنل منیجر کے کمرے میں جا کر انہیں گولیاں مار دیں جس سے آپریشنل منیجر محمد ناصر بھی موقع پر ہی چل بسے۔ ملزم کی فائرنگ کے نتیجہ میں دیگر چار فراد محمد حسن، ملک سکندر اور دو خواتین صوبیہ اور سدرہ زخمی ہو گئے۔ ملزم نے واردات کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تو بینک سے باہر مارکیٹ کے سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے بعدمیں بینک عملہ نے دبوچ لیا او پولیس کے حولے کردیا۔ سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی عناد لگتا ہے، مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ بینک آف پنجاب کے صدر نعیم الدین خان نے بھی واقعہ کو ڈکیتی قرار نہیں دیا اور کہا کہ ملزم نے کوئی کیش نہیں لوٹا، مزید تحقیقات کرنا پولیس کا کام ہے۔ پولیس نے سائنس کالج کے پرنسپل زاہد بٹ کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ ملزم کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ اس نے چند روز پہلے جعلی دستخطوں سے بینک سے رقوم نکلوائی جس کی بینک کی سطح پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔