Friday, April 19, 2024

لاہور: گنگارام اسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت سے نومولود کا ہاتھ جل گیا

لاہور: گنگارام اسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت سے نومولود کا ہاتھ جل گیا
January 17, 2017

لاہور (92نیوز) لاہور کے گنگا رام اسپتال میں عملے کی مبینہ غفلت سے نومولود کا ہاتھ جل کر کوئلہ ہو گیا۔ والدین نے انصاف کیلئے اسپتال کے باہر احتجاج کیا۔ نائنٹی ٹو نیوز غمزدہ خاندان کی آواز بنا تو ایم ایس نے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق ایک نومولود کو علاج کیلئے گنگا رام ہسپتال لایا گیالیکن ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے آئی سی یو میں لگے ہیٹر سے بچے کا بایاں ہاتھ جل کر کوئلہ ہوگیا۔

چند گھنٹوں بعد جب والدین کو بچے سے ملوایا گیا تو بے حس ڈاکٹروں نے ہاتھ جلنے کو چھپائے رکھا اور معمولی زخم بتا کر انہیں ٹرخا دیا لیکن پردہ اس وقت فاش ہوا جب بچے کے ہاتھ سے پٹی اتاری گئی۔ حکومت کی طرف سے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کے دعوؤں کی قلعی اس وقت کھل گئی جب بچے کی دادی نے بتایا کہ انہیں تمام ادویات بازار سے لینا پڑیں۔

نائنٹی ٹو نیوز غمزدہ خاندان کی آواز بنا تو ایم ایس گنگا رام نے بھی دلخراش واقعہ پر نوٹس لے لیا اور تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی لیکن کیا ارباب اختیار کا نوٹس نومولود کی عمر بھر کے لیے معذوری کا ازالہ کر سکے گا۔ کیا غمزدہ والدین کے دکھوں کا مداوا ہو سکے گا۔ کیا بے حس ڈاکٹروں کو کوئی عبرتناک سزا مل پائے گی کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ رونما نہ ہو سکے۔