Sunday, September 8, 2024

لاہور : گلشن اقبال پارک میں خودکش دھماکا‘ 69 افراد جاں بحق‘ 300زخمی

لاہور : گلشن اقبال پارک میں خودکش دھماکا‘ 69 افراد جاں بحق‘ 300زخمی
March 28, 2016
لاہور (92نیوز) صوبائی دارالحکومت کے گلشن اقبال پارک میں دھماکے سے 69 افراد جاں بحق جبکہ 300 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق آج شام کو گلشن اقبال پارک دھماکے سے لرز اٹھا۔ پولیس اور طبی امداد فراہم کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریب واقع پرائیویٹ فاروق ہسپتال لے گئے مگر انتظامیہ کی ہدایت پر بہتر طبی امداد کیلئے وہاں سے زخمیوں کو سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا۔ صوبائی دارالحکومت کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور چھٹی پر موجود ڈاکٹروں اور عملے کو فوری طور ڈیوٹی پر بلا لیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔ موسم بہار‘ اتوار کی چھٹی اور ایسٹر کے تہوار کے باعث پارک میں خاصا رش تھا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ پارک میں بھگدڑ مچنے سے زخمیوں کی تعداد زیادہ بڑھی۔ دوسری جانب جناح ہسپتا ل انتظامیہ نے شہریوں سے خون کا عطیہ دینے کی اپیل کر دی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھما کہ کی نوعیت خود کش لگتی ہے تاہم ڈی آئی جی لاہور حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت پر تحقیقات کی جا رہی ہیں اور دھماکہ خودکش ہونے کے حوالے سے کچھ بھی حتمی نہیں کہا جا سکتا۔ گلشن اقبال پارک دھماکے کے بعد لاہور کے تمام پارکوں میں عوام کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف‘ وزیرداخلہ چودھری نثار‘ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان‘ سابق صدر آصف زرداری‘ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد‘ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ‘ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری اور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے لاہور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔