Saturday, May 11, 2024

لاہور، گریٹراقبال پارک میں لڑکی کیساتھ بدسلوکی، وزیر اعظم کا نوٹس

لاہور، گریٹراقبال پارک میں لڑکی کیساتھ بدسلوکی، وزیر اعظم کا نوٹس
August 18, 2021 ویب ڈیسک

لاہور(92 نیوز) لاہور کے تاریخی گریٹراقبال پارک میں لڑکی کے ساتھ بدسلوکی کا وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا۔

لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یوٹیوبر لڑکی کے ساتھ بدسلوکی پر وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیدیا۔

گورنر پنجاب نے واقعہ کو شرمناک اور قابل مذمت قرار دیا ہے، ٹویٹرپیغام میں کہا کہ خاتون پر تشدد میں ملوث افراد اپنے انجام سے بچ نہیں سکیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔

ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ لڑکی سے ہر ممکن تعاون کریگی۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے بھی ٹویٹر پیغام میں خاتون کو ہراساں کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کی۔

دوسری جانب تحقیقات کے لیے اسپیشل برانچ اور سی آئی اے پولیس کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انویسٹی گیشن ذرائع کے مطابق ویڈیوز کی مدد سے چار سے پانچ افراد کو شناخت کر کے نادرا سے تفصیلات لی جا رہی ہیں، جشن آزادی پر گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاک بنانے کیلئے آئی خاتون پرمنچلوں نے دھاوابول دیا تھا۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ لاری اڈا میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی مدعیت میں 400 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔