Sunday, September 8, 2024

لاہور: گرفتاری کے دوران پولیس تشدد سے پانچ بچوں کا باپ جاں بحق، ورثا اور اہل علاقہ کا احتجاج

لاہور: گرفتاری کے دوران پولیس تشدد سے پانچ بچوں کا باپ جاں بحق، ورثا اور اہل علاقہ کا احتجاج
August 5, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) لاہور میں گرفتاری کے دوران پولیس کے مبینہ تشدد سے پانچ بچوں کا باپ جاں بحق ہو گیا۔ ورثا اور اہل علاقہ نے پولیس سٹیشن کے سامنے ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لوہاری گیٹ کے علاقے میں پولیس نے چیک ڈس آنر کیس میں ملزم اشفاق کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا۔ گرفتاری کے دوران ملزم جاں بحق ہو گیا۔ ہلاکت کے خلاف ورثا اور علاقہ مکینوں نے تھانہ لوہاری کا گھیراؤ کر لیا اور ٹائرجلا کر سرکلر روڈ بند کر دیا۔ مشتعل مظاہرین نے تھانے پر پتھراؤ کیا جس سے اہلکار تھانے میں محصور ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اشفاق کو گرفتاری کے دوران دل کا دورہ پڑا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اشفاق مسجد سے گھر واپس آرہا تھا، پولیس نے گرفتاری کے دوران شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اشفاق موقع پر ہی دم توڑ گیا۔