Thursday, April 25, 2024

  لاہور : گجرپورہ میں لاپتہ ساڑھے3سالہ بچی کی لاش ہمسائیوں کی چھت سےمل گئی

   لاہور : گجرپورہ میں لاپتہ ساڑھے3سالہ بچی کی لاش ہمسائیوں کی چھت سےمل گئی
November 1, 2015
لاہور(92نیوز)لاہور کے علاقے گجرپورہ میں ایک روز قبل لاپتہ ساڑھے تین سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش ہمسائیوں کی چھت سے مل گئی واقعہ کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کےمطابق گجرپورہ کے علاقے تندوراں والا چوک کے رہائشی حامد علی کی ساڑھے تین سالہ بیٹی ارفع گھر سے سوتے ہوئے غائب ہو گئی اہل خانہ نے ہر جگہ ڈھونڈنے کی کوشش کی تاہم کوئی سراغ نہ مل سکا۔ والدہ کی ننھی سی پری اور باپ کی شہزادی معصوم ارفع کو موت کی وادی میں دھکیلتے وقت نہ تو سفاک درندوں کے دل میں ترس آیا نہ ہی ان کے خونیں ہاتھ کانپے۔ بالآخر معصوم ارفع کے لاپتہ ہونے کے دوسرے روز تشدد زدہ لاش ہمسائے کی چھت سے اس وقت ملی جب خاتون چھت پر گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تمام شواہد اور ثبوت اکٹھے کیے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی بچی ارفع گھر میں سو رہی تھی کہ لاپتہ ہو گئی  ،اہل محلہ کا کہنا ہے کہ تین سال قبل بھی ایسا واقعہ رونما ہوا تھا اور اس کے قاتل آج تک نہیں پکڑے جا سکے۔ موقع پر موجود ایس پی سی آئی اے عمر ورک نے کہا کہ ڈی این اے اور پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد ہی قتل کی اصل وجوہات سامنے آئیں گی۔ اہل علاقہ نے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ پولیس کی انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے ۔ افسوسناک واقعہ پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ملزموں کو گرفتارکرکے قانونی کارروائی کی جائے متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کریں گے۔