Thursday, September 19, 2024

لاہور : گارمنٹس فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی‘ لاکھوں کا سامان جل کر راکھ

لاہور : گارمنٹس فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی‘ لاکھوں کا سامان جل کر راکھ
March 6, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ ملتان روڈ پر اورنج لائن میٹرو ٹرین کے تعمیراتی کام کے باعث فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں جس کے باعث لاکھوں مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق منصورہ کے علاقے میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں اس وقت آگ بھڑک اٹھی جب مزدور کپڑے پر ایمبرائیڈری کے کام میں مصروف تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم مزدوروں نے بھاگ کر جانیں بچائیں۔ اطلاع ملنے کے آدھے گھنٹے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں لیکن اس وقت تک فیکٹری میں موجود کپڑا مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن چکا تھا۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ملتان روڈ پر جاری تعمیراتی کاموں کی وجہ سے فیکٹری تک پہنچنے میں دشواری پیش آئی تاہم عملے کی ایک گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔