Thursday, April 18, 2024

لاہور کے کیفے الانتو سے شراب برآمدگی کا کیس، ماڈل ٹاؤن کچہری میں سماعت پیر کو ہو گی

لاہور کے کیفے الانتو سے شراب برآمدگی کا کیس، ماڈل ٹاؤن کچہری میں سماعت پیر کو ہو گی
September 13, 2019
 لاہور (92 نیوز) لاہور کے کیفے الانتو سے شراب برآمدگی کے کیس کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں سماعت پیر کو ہو گی۔ لاہور میں معروف کیفے الآنتو میں شراب نوشی اور شراب فروشی کے کیس میں تین ملزم  فیصل محمود ولد سلیم، نزاکت اسلم ولد سردار اور حسن ولد غلام مرتضیٰ  ضمانت پر ہیں۔ گلبرگ پولیس نے جوڈیشل ہونے والے بااثر کیفے کے ملازموں کو جیل بھجوانے کی بجائے  راہداری کے نام پر تھانے میں ہی مہمان بنائے رکھا۔ ڈسٹرکٹ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اسد وڑائچ کا کہنا ہے کہ قانونی طور پر جوڈیشل ہونے والے ملزموں کو جیل میں بند کروانا پولیس کی ذمہ داری ہے جو انہوں نے کیوں  پوری نہ کی؟ کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ  اعجاز اصغر کا کہنا ہے کہ پولیس نے جوڈیشل ہونے والے ملزموں کو جیل میں بند نہیں کروایا ۔ دونوں جیلوں میں کیفے کے ملازموں کے جوڈیشل ہونے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں کیفے کے مالکان کا نام اور ذکر درج نہیں ہے ، اس لیے ان سے قانوناً تفتیش نہیں کی جا سکتی۔ تفتیشی افسر ماڈل ٹاؤن کچہری میں چالان جمع کروائے گا جس کے بعد ملزم دوبارہ عدالت پیش ہوں گے اور عدالتی ٹرائل شروع ہو گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شراب نوشی اور شراب فروشی کے بارے میں بالکل لاعلم تھے۔ ایکسائز انٹیلی جنس انسپکٹر اختر زمان سندھو کی مدعیت میں پرچہ درج کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاون ذیشان رانجھا  اور محکمہ ایکسائز نے کیفے الآنتو سے بھاری مقدار میں شراب برآمد کرکے تیرہ افراد کو حراست میں لے لیا تھا مگر بعد میں انہیں چھوڑ بھی دیا گیا لیکن مقدمہ تین پر درج کیا گیا۔