Friday, March 29, 2024

لاہور کے کبوتر اب لگژری فلیٹس میں رہیں گے

لاہور کے کبوتر اب لگژری فلیٹس میں رہیں گے
October 19, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور کے کبوتر اور دیگر پرندے بھی اب شاندار فلیٹس میں رہیں۔ جی ہاں مال روڈ کے استنبول چوک میں شہر کے پرندوں کیلئے چھوٹے چھوٹے لکڑی کے خوبصورت گھونسلے بنا دئیے گئے ہیں جن کو دیکھنے کے لئے بچوں کی بڑی تعداد بھی آرہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مال روڈ استنبول چوک میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کبوتروں سمیت دیگر پرندوں کے لیے لکڑی کے چھوٹے چھوٹے گھر بنادئیے گئے ہیں جن کو خوبصورتی سے پول کے ساتھ اس طرح سے لگایا گیا ہے جو کہ مال روڈ سے گزرنے والوں کو اپنی طرف متوجہ ہونے پر مجبور کر دیتا ہے۔ بچے تو بچے بڑے بھی پرندوں کے ان شاندار رہائشوں کو دیکھے بغیر نہیں رہ سکتے۔ چھٹی کے روز مال روڈ پہنچے بچوں کا کہنا ہے کہ وہ یہاں آکر پرندوں کو دانہ ڈالیں گے اور خوب مزے کرینگے۔ چوک کے راونڈ اباوٹ پر تقریباً تین سو سے زائد گھونسلا نما ان گھروں کو لوہے کے نٹ بولٹ کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ جوڑا گیا ہے تاکہ تیز آندھی میں بھی یہ محفوظ رہیں۔ پرندوں کے لیے بنائے جانے والے ان گھروں سے جہاں شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا وہیں بچے بھی پرندوں کے ساتھ لطف اندوز ہو سکیں گے۔