Thursday, April 25, 2024

لاہور کورونا کا گڑھ بن رہا ہے ، کل کئی علاقوں کو بند کر دیا جائیگا ، یاسمین راشد

لاہور کورونا کا گڑھ بن رہا ہے ، کل کئی علاقوں کو بند کر دیا جائیگا ، یاسمین راشد
June 15, 2020

لاہور ( 92 نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ لاہور کورونا کا گڑھ بنتاجارہا ہے ، لاہور کے کئی علاقوں کو کل بند کر دیا جائے گا، متاثرہ علاقوں کو دو ہفتوں کیلئے بند کیا جائے گا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ  جن علاقوں کو بند کیا جائے گا ان میں شاہدرہ ، والڈ سٹی ،مزنگ ،ہربنس پورہ ،گلبرگ ، نشتر ٹاؤن اور اقبال ٹاؤن شامل ہیں۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ چین نے کورونا وباء پر کنٹرول کیا مگر وہاں پھر سے ایک نئی لہر اٹھتی  نظر آرہی ہے ۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لوگ ہمارا موازنہ نیوزی لینڈ جیسے ممالک سے کرتے ہیں جن کی  کل آبادی آدھے لاہور کی آبادی کے برابر بھی نہیں ، انہیں وباء پر قابو پانا آسان تھا ، پاکستان جیسے گنجان آبادی والے ممالک میں یہ مشکل ترین کام ہے ۔ا گر آپ موازنہ بھارت کیساتھ کریں تو ہم بہت بہتر ہیں ۔

وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ یہ ایک بیماری ہے ، وباء ہے ہماری پوری کوشش ہے کہ ہم نہ صرف وباء کو کنٹرول کریں بلکہ  اس کے لئے صحت کی سہولیات نہ صرف حکومتی بلکہ نجی شعبہ میں بھی  یقینی بنائی ہے ۔

ہائی ڈیپنڈیسی  کے بیڈز 140 ہیں ، پرائیویٹ اسپتال 368 ہیں ، ہمارے پاس ابھی تک 30 فیصد ہائی ڈیپنڈیسی کے بیڈز  موجود ہیں ، کچھ اسپتال ہیں جو بھرے ہوئے ہیں ، آج کے دن میں میو اسپتال اور جناح اسپتال میں  15 ،15 وینٹی لیٹرز مہیا کئے گئے ہیں ۔