Thursday, May 9, 2024

لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ، سڑکوں پر پانی جمع

لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ، سڑکوں پر پانی جمع
August 8, 2020

لاہور ( 92 نیوز)  لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش  سے  کئی علاقوں میں دو دو فٹ تک پانی جمع  ہو گیا ۔ سب سے زیادہ بارش گلبرگ میں 45 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی موسلادھاربارش  ، بدلیوں نے کھالی گھٹااوڑھی تو ٹھنڈی ہواؤں نے حبس کازورتوڑدیا۔

حبس نے زور پکڑا تو ٹھنڈی ہواؤں اورکالی گھٹاؤں کو بہت ناگوارگزرا!، صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گھنگورگھٹائیں آئیں توتیز ٹھنڈی ہوائیں بھی ساتھ لائیں ، ماحول میں خنکی دیکھی توبادل بھی بے اختیارچھلک پڑے۔

کالی  گھٹاؤں،ٹھنڈی ہواؤں اور زورداربارش نے ملی بھگت کرلی اور حبس کو رفوچکرکردیا ، تیزہواؤں کے ساتھ بارش سے ماحول کے سارے رنگ نکھرکرسامنے آگئے  ، بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے بھی زیرآب گئے۔

واسا ایڈوائزری کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ گلبرگ میں پینتالیس ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی،ایئرپورٹ پرتینتیس اور تاجپورہ میں اکتیس ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔