Friday, March 29, 2024

لاہور کے علاقے سندر میں دودھ سے بھرا ٹرک الٹ گیا پانچ افراد جاں بحق

لاہور کے علاقے سندر میں دودھ سے بھرا ٹرک الٹ گیا پانچ افراد جاں بحق
November 13, 2018
لاہور (92نیوز) لاہور کے علاقے سندر میں علی الصبح ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں دودھ سے بھرا ٹرک الٹ گیا۔ حادثے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ پندرہ زخمی ہو گئے جن کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سندر کے نواحی گاؤں بھمبا سے دودھ لے کر آنے والا مزدہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹریفک حادثے میں چار افراد موقع پر جاں بحق جبکہ پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو رائیونڈ منتقل کیا گیا،جبکہ بعد میں حالت تشویشناک ہونے پر تمام افراد کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال پہنچنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس کے مطابق سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقہ میں مزدہ تیز رفتاری کے باعث الٹا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سہراب خان، حمید، صدیق، عابد اور ابراہیم شامل ہیں۔ امدادی ٹیموں کی جانب سے جائے حادثہ سے مزدہ ہٹا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اسپتال انتظامیہ کو زخمی افراد کے علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔