Friday, May 3, 2024

لاہور کے رنگ روڈ منصوبے میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

لاہور کے رنگ روڈ منصوبے میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف
May 3, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) لاہور کے رنگ روڈ منصوبے میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے نوٹس لیتے ہوئے منصوبے کا دو ہزار پانچ سے دو ہزار پندرہ تک اسپیشل آڈٹ کا حکم دے دیا۔ رنگ روڈ کی دھرم پورہ سے ٹھوکر نیاز بیگ تک ریلنگ میں تبدیلی کی وجہ سے کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ٹھیکیدار کے ساتھ چھے ہزار نوسو پینتالیس میٹر ریلنگ کا ٹھیکہ گیارہ ہزار چھے سو پینسٹھ روپے فی میٹر کے حساب سے طے کیا گیا تھا لیکن اسے ٹینڈر کے بغیر بڑھا کر تیرہ ہزار چھے سو انتالیس روپے فی میٹر کر دیا گیا جبکہ ریلنگ کی لمبائی بھی بڑھا کر سترہ ہزار دو سو میٹر کر دی گئی۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب اسمبلی نے رنگ روڈ منصوبے کے ماسٹر پلان اور لینڈ ایکوزیشن پلان میں تبدیلیوں اور لاگت میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے منصوبے کا دوہزار پانچ سے دوہزار پندرہ تک اسپیشل آڈٹ کا حکم دے۔ میاں اسلم اقبال نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ساٹھ روز کے اندر اندر تحقیقات مکمل کرنے کا بھی حکم جاری کر دیا ہے۔ مریدکے ریلوے انڈرپاس کی تعمیر میں بھی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں جس کے بعد چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میاں اسلم اقبال نے ریلوے سے این او سی لیے بغیر ٹھیکیدار کو چودہ ملین روپے جاری کرنے پر نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔