Tuesday, April 23, 2024

لاہور کے داخلی اور خارجی راستے ٹھوکرنیاز بیگ پر خیر مقدمی آرائشی گیٹ کی تعمیر مکمل

لاہور کے داخلی اور خارجی راستے ٹھوکرنیاز بیگ پر خیر مقدمی آرائشی گیٹ کی تعمیر مکمل
November 20, 2020
 لاہور (92 نیوز) لاہور کے داخلی اور خارجی راستے ٹھوکر نیاز بیگ پر خیر مقدمی آرائشی گیٹ کی تعمیر مکمل ہو گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے باب لاہور منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تختی کا نقاب کشائی کر کے باب لاہور منصوبے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا باب لاہور کی تعمیر سے دوسرے شہروں سے لاہور آنے والوں پر شہر کا خوشگوار تاثر قائم ہو گا۔ لاہور باغوں اور پھولوں کا شہر ہے۔ باب لاہور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا۔ لاہور ، داخلی ، خارجی راستے ، ٹھوکرنیاز بیگ ، خیر مقدمی آرائشی گیٹ عثمان بزدار کا کہنا تھا منصوبے کے تحت ٹھوکر نیاز بیگ جنکشن کی ری ماڈلنگ بھی کی گئی ہے۔ نہر کے ساتھ گرین ایریاز قائم کئے گئے ہیں۔ اسٹریٹ لائٹس، حفاظتی جنگلے اور آرائشی روشنیاں لگائی گئی ہیں۔ باب لاہور 130 فٹ چوڑا اور 60 فٹ بلند ہے اور اس کے دونوں اطراف سٹیل ورک سے درود شریف لکھا گیا ہے۔ سابق حکمرانوں نے خوبصورت شہر کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ لاہور کے دیگر داخلی و خارجی راستوں کو بھی خوبصورت بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا اسلام آباد موٹروے اور لاہور ملتان موٹروے کے ذریعے آنے والی ٹریفک اس گیٹ سے گزر کر لاہور میں داخل ہو رہی ہے۔ تعمیراتی کام کے دوران ایک منٹ بھی ٹریفک نہیں روکی گئی۔ ٹھوکر نیاز بیگ فلائی اوور کے نیچے سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے احساس پنجاب پروگرام کے تحت بزرگ خواتین  میں باہمت بزرگ کارڈ تقسیم کئے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے پروگرام کے حوالے سے اچھی کارکردگی دکھانے پر تین اضلاع کے انتظامی افسران کو تعریفی سرٹیفیکٹ دئیے۔