Sunday, May 19, 2024

لاہور کے داخلی اور خارجی راستے بند ہونے سے عوام پس گئے

لاہور کے داخلی اور خارجی راستے بند ہونے سے عوام پس گئے
November 2, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور کے داخلی اورخارجی راستے بند ہونے سے عوام پس گئے۔ باہر جا سکتے ہیں نہ شہر میں داخل ہو سکتے ہیں۔ چھوٹی بڑی تمام مارکیٹیں بھی بند ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جگہ جگہ کنٹینرز اور راستوں کی بندش نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔ شہر کی متعدد سٹرکیں پر ویرانی کاراج ہے۔ اہم شاہراہوں سمیت تمام سڑکیں سنسان نظر آنے لگیں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر ہال روڈ، شاہ عالم مارکیٹ، انار کلی بازار، رنگ محلٍ سمیت اہم تجارتی مراکز بند کر دیے گئے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے طلبا اور طالبات  کو مشکل سے بچانے کے لیے دوسرے  دن بھی تمام تر نجی اور سرکاری اداروں کو بند کر دیا گیا۔ شہر بھر میں موبائل فون سروس  بھی معطل کر دی گئی جس سےعوام کو رابطوں میں پریشانی کا سامنا ہے۔ شہر میں اشیائے خورونوش کی شدید قلت کے باعث منافع خوروں کی جانب سے من مانی قیمتیں وصول کی جانے لگیں۔ ٹرانسپورٹ نہ ہونے اور جابجا کنٹینر لگنے کے باعث  سرکاری دفاتر میں بھی حاضری نہ ہونے کے برابر ہے۔ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری بلدیات سمیت اہم افسروں نے میٹنگز بھی منسوخ کر دیں۔ شہر میں پٹرول کی قلت بھی سر اٹھانے لگی۔ متعدد پٹرول پمپ مالکان کی جانب سے پمپس کو بند کرنے کے باعث اکا دک افلنگ اسٹیشن پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ بیرون ملک جانے والے شہری بھی اس اذیت سے نہ بچ سکے ۔ سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے تمام تر مسافروں کو فلائیٹ کی اڑان بھرنے سے کم سے کم 5 گھنٹے پہلے ائیرپورٹ پہنچنے کی ہدایات کی گئیں ہیں۔ شہر میں معمولات زندگی نا ہونے کے برابر رہ گئے۔ لوگ گھروں میں محصور ہونے پر مجبور ہو گئے۔ میٹرو بس سروس کو بھی مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔