Friday, April 26, 2024

لاہور کے بعد پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کا آغاز

لاہور کے بعد پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کا آغاز
June 18, 2020

لاہور ( 92 نیوز) لاہور کے بعد پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان کے متعدد علاقے 14 روز کیلئے سیل کر دیے گئے ۔

ڈیرہ غازی خان

ڈیرہ غازی خان  شہر کے مختلف سات علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون لگا دیا گیا  جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ، نوٹیفکیشن کے مطابق سمارٹ لاک ڈاون 14 روز کے لیے لگایا گیا ہے ، لاک ڈاون والے علاقوں میں شہریوں کے نقل حرکت پر سختی کی جائیگی، شہر کے مختلف سات علاقے لاک ڈاؤن میں ہونگے  ، ان علاقوں میں  پرچون کی دکانیں اور میڈیکل سٹور مخصوص ٹائم کے لیے کھلے رہیں گے ۔

بورے والا

بورے والا میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ،  نیوماڈل ٹاؤن گلی نمبر 1,2,13 عظیم آباد 1 وائی بلاک گلی نمبر 1 سیل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔  سیل شدہ علاقوں میں عام آدمی کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔

 متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی نقل و حرکت پہ مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ، صرف ایک فرد کو ضروریات زندگی کی اشیا لینے کے لیے باہر جانے کی اجازت ہو گی ۔

سیالکوٹ

سیالکوٹ میں  کورونا وباء سے شدید متاثرہ کئی علاقوں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کیا گیا ،  سیل کردہ  علاقوں  میں  فتح گڑھ ، بی بی سی چوک، رحمان پورہ، نشاط پارک، بجلی محلہ، کینٹ وارڈ نمبر چھ اور سات شامل ہیں ۔

  سِیل ہونے والے علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی ۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں بھی کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں سلیکٹڈ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ،  سلیکٹڈ لاک ڈاؤن راول ٹاؤن اور کینٹ کے علاقوں میں کیا گیا ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق  18 جون سے 30 جون تک علاقے سیل رہیں گے۔

راولپنڈی کینٹ کے علاقوں ڈھیری حسن آباد،ٹاہلی موہری،غوثیہ چوک،جھاورہ،ٹینچ بھاٹہ،پیپلز کالونی،علامہ اقبال کالونی ، ڈھوک کالا خان،قیوم آباد،اقبال ٹاؤن،ڈھوک پراچہ،ڈھوک کشمیریاں،کری روڈ،علی آباد،ڈھوک علی اکبر،صادق آباد ، مجسٹریٹ کالونی،آفندی کالونی،سیٹلائیٹ ٹاؤن بلاک اے،بلاک سی،خرم کالونی،مسلم ٹاؤن میں  سلیکٹڈ لاک ڈاؤن  کردی اگیا۔

سلیکٹڈ لاک ڈاؤن کے تحت داخلی وخارجی راستے سیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ،  پٹرول پمپس،تنور،پھل سبزیوں ، گوشت کی دکانیں،ڈیری شاپس،کیمسٹ،اشیاء خوردونوش کی دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی ۔

تنور،گروسری شاپس،پٹرول پمپس صبح نو سے شام سات بجے تک کھلے رہیں گے، ڈیری شاپس،بیکری،چکن،گوشت،پھل و سبزیوں کی دکانیں صبح سات سے شام سات بجے تک کھلی رہیں گی۔