Thursday, April 25, 2024

لاہور کی فضا پر بادلوں نے پڑاﺅ ڈال لیا‘ وقفے وقفے سے رم جھم جاری

لاہور کی فضا پر بادلوں نے پڑاﺅ ڈال لیا‘ وقفے وقفے سے رم جھم جاری
August 25, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ پوش علاقے بھی ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر 81 اور لاہور شہر میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ابرکرم جم کر برسا۔ کبھی رم جھم تو کبھی موسلادھار۔ باران رحمت نے جہاں حبس کو چلتا کیا وہیں انتظامیہ کی روایتی غفلت کے باعث شہریوں کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہو گیا۔ بارش کے پانی نے نشیبی علاقوں کو ڈبویا اور پوش علاقوں میں جل تھل ایک کر دیا۔ شہر کے پوش علاقوں کی سڑکوں پر پانی ندی کی طرح بہتا رہا۔ شہرکی اہم عمارتوں کے صحن اور سڑکیں ایک ہو گئیں۔ کئی علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کے اہلکار پانی نکالنے میں بھی مصروف دکھائی دیے۔ بارش کی وجہ سے گاڑیاں پانی میں پھنسی رہیں۔ شہریوں کو دفاتر پہنچنے کے لیے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔