Friday, April 26, 2024

لاہور پانی میں ڈوب گیا ، چھتیں گرنے ،کرنٹ لگنے سے 6افرادجاں بحق،16زخمی

لاہور پانی میں ڈوب گیا ، چھتیں گرنے ،کرنٹ لگنے سے 6افرادجاں بحق،16زخمی
July 3, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) زندہ دلوں کا شہر بارش کے پانی میں ڈوب گیا ، لاہور کو پیرس بنانے کے دعویدار سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے دعوؤں کی حقیقت سامنے آگئی ، بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا جبکہ  مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے چھ افراد جاں بحق جبکہ سولہ زخمی ہوگئے ۔ لاہور میں رات سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے شہر کو پانی پانی کردیا ، سڑکیں اور گلیاں تالاب کےمناظر پیش کرنے لگیں، شہر میں کوئی ایسا علاقہ نہیں جو پانی میں نہ ڈوبا ہو۔ ایک ہی بارش کے سامنے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ، گویا بارش نے شہبازشریف کے پیرس کو ڈبو  کر وینس بنا دیا ۔  کئی علاقوں میں ریسکیو ٹیموں نے شہریوں کو کشتیاں فراہم کردیں ۔ گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی میں ڈوب گئے  اور تو اور پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ، سیوریج کا ناقص نظام ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہو گئے، دوسری جانب لیسکو کے 350 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری بھی بارش سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے نکل پڑے ، جی پی او چوک کا دورہ کیا اور متعلقہ اداروں کو فوری طور پر پانی نکالنے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب خواجہ سعد رفیق کے حلقے میں بھی پانی ہی پانی جمع ہو گیا  ،بارش کے بعد نالے کا پانی بھی والٹن روڈ پر پہنچ گیا،محکمہ موسمیات کی بارش کاسلسلہ مزید دو روز جاری رہنےکی پیش گوئی کر دی ۔ ادھر سیالکوٹ،گوجرانوالہ،نارووال،شکرگڑھ اورشیخوپورہ سمیت پنجاب کےکئی شہروں میں موسلادھاربارش کے باعث پانی جمع ہونےسے گلی محلےندی نالوں کامنظرپیش کرنےلگے۔تیز ہواؤں کےباعث درخت اکھڑ گئے،کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ۔