Saturday, April 27, 2024

لاہور میں مبینہ زیادتی کے بعد قتل ہونیوالی تین سالہ ارفع سپرد خاک‘ تین افراد گرفتار

لاہور میں مبینہ زیادتی کے بعد قتل ہونیوالی تین سالہ ارفع سپرد خاک‘ تین افراد گرفتار
November 2, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور کے علاقے گجرپورہ میں مبینہ زیادتی کے بعد قتل ہونے والی ساڑھے تین سالہ ارفع کو سپردخاک کر دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق گجرپورہ کے علاقے تندوراں والا چوک کے رہائشی حامد علی کی ساڑھے تین سالہ بیٹی ارفع لاپتہ ہو گئی تھی۔ اہل خانہ نے ہر جگہ ڈھونڈنے کی کوشش کی تاہم کوئی سراغ نہ مل سکا۔ بالآخر معصوم ارفع کی لاپتہ ہونے کے دوسرے روز تشدد زدہ لاش ہمسائے کی چھت سے اس وقت ملی جب خاتون چھت پر گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تمام شواہد اور ثبوت اکٹھے کیے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی بچی ارفع گھر میں سو رہی تھی کہ لاپتہ ہو گئی۔ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ تین سال قبل بھی ایسا واقعہ رونما ہوا تھا اور اس کے قاتل آج تک نہیں پکڑے جا سکے۔ دریں اثنا مقتول بچی ارفع کی پوسٹ مارٹم رپورٹ مل گئی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم پر خراشوں کے نشانات کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں تین افراد کو گرفتار بھی کر لیاگیا ہے۔