Saturday, April 20, 2024

لاہور کورونا کا گڑھ بن رہا ہے ، کل کئی علاقوں کو بند کر دیا جائیگا ، یاسمین راشد

لاہور کورونا کا گڑھ بن رہا ہے ، کل کئی علاقوں کو بند کر دیا جائیگا ، یاسمین راشد
June 15, 2020
لاہور ( 92 نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ لاہور کورونا کا گڑھ بنتاجارہا ہے ، لاہور کے کئی علاقوں کو کل بند کر دیا جائے گا، متاثرہ علاقوں کو دو ہفتوں کیلئے بند کیا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومت کے نوے علاقے کوروناوائرس کا گڑھ بن گئے۔ ذرائع کے مطابق کورونا کا سب سے بڑا مرکز سٹی ڈویژن ہے جس کے تیس علاقے بری طرح متاثر ہیں۔ سٹی ڈویژن کے بعد کوروناوائرس نے سب سے زیادہ شالیمار ڈویژن کو متاثر کیا جس کے بیشتر علاقے کورونا کا مرکز بن چکے ہیں۔ سبزہ زار، بحریہ ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، ویلنشیاء ٹاؤن، شاہدرہ، ہربنس پورہ، گلبرگ اور کینٹ بھی متاثرہ علاقے ہیں۔ اندرون شہر، مزنگ، شاد باغ، نشتر ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن کے علاوہ کچھ رہائشی کالونیاں بھی کورونا سے بُری طرح متاثر ہیں۔ پنجاب حکومت نے لاہور کے مختلف علاقوں میں منگل رات بارہ بجے سے پندرہ روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے لاک ڈاؤن کے بعد ایس اوپیز کی بُری طرح خلاف ورزی کی۔ زیادہ متاثرعلاقوں میں ہارڈ لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ متاثرہ علاقوں اور گلیوں کو مکمل طور پر بند کیا جائے گا اور پولیس تعینات کی جائے گی۔ صرف ضروری اشیا کی دکانوں کو کھولا جائے گا۔