Friday, April 19, 2024

لاہور : کسانوں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری‘ دل کا دورہ پڑنے سے ایک دم توڑ گیا

لاہور : کسانوں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری‘ دل کا دورہ پڑنے سے ایک دم توڑ گیا
May 19, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور کے مال روڈ پر کسانوں کا مطالبات کے حق میں دوسرے روز بھی احتجاج جاری۔ دھرنے میں خانیوال کا رہائشی دل کا دورہ پڑنے سے دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں سے آئے کسان اتحاد یونین کے کارکنوں نے لاہور میں چیئرنگ کراس پر اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے رکھا ہے۔ کسان اتحاد یونین کے کارکنوں نے آلو کی فصل کی مناسب قیمت نہ ملنے پر احتجاجاً آلو کی بوریوں کو آگ لگا دی۔ رات گئے کسانوں کے دھرنے میں شریک خانیوال کا رہائشی 70سال کا سمیع اللہ دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔ کسان اتحاد کے رہنماوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کے کارکن کی ہلاکت انتظامیہ کی جانب سے پانی کی بندش کے بعد ہوئی ہے۔ کسانوں کے 5 رکنی وفد نے گزشتہ روز سی سی پی او آفس میں سی سی پی او امین وینس سے مذاکرات کئے جس میں سی سی پی او نے ان سے وعدہ کیا کہ ان کے مطالبات وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف تک پہنچائے جائیں گے۔ دوسری طرف چیئرنگ کراس پر پی آر ایس پی کے ملازمین نے بھی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے۔ شدید گرمی اور حبس کے باوجود مظاہرین اپنے مطالبات کی منظوری کےلئے ڈٹے ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پی آر ایس پی اور کسان اتحاد یونین کے کارکن پرعزم ہیں کہ وہ اپنے مطالبات منوائے بغیر نہیں جائیں گے۔