Thursday, April 18, 2024

لاہور: کرنٹ لگنے سے ایک ہی خاندان کے3افراد جاں بحق، حادثہ واپڈا کی غفلت سے پیش آیا: باپ محمد بشیر

لاہور: کرنٹ لگنے سے ایک ہی خاندان کے3افراد جاں بحق، حادثہ واپڈا کی غفلت سے پیش آیا: باپ محمد بشیر
May 31, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور میں کرنٹ لگنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ بھتیجے کو بچانے کےلئے چچا آگے بڑھا اور بڑے بھائی کو بچانے کیلئے چھوٹا، کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔ تفصیلات کے مطابق شالامار کے علاقے شیلر چوک میں راج مستری دو بھائی 54سالہ محمد شبیر اور 45سالہ نصیر 16 سالہ بھتیجے نواز کے ساتھ اپنے ہی گھر کا لینٹر ڈالنے کیلئے چھت پر چڑھے تو وہ اس بات سے بے خبر تھے کہ صبح کی بارش کے بعد چھت پر پڑے گیلے لکڑی کے تختے میں گلی سے گزرنے والی گیارہ ہزار کے وی کی تاروں کو چھونے سے کرنٹ آچکا ہے۔ چھت پر پہلا قدم نوجوان محنت کش نواز نے رکھا تو وہ بجلی کے شدید جھٹکے سے گر پڑا۔ بھتیجے کو تڑپتا دیکھ کر محمد شبیر سے رہا نہ گیا اور اسے بچانے کیلئے لپکااور خود بھی کرنٹ کی زد میں آگیا۔ نصیر نے بھی بھائی اور بھتیجے کو طاقتور بجلی کے جھٹکو ں سے چھڑانے کی کوشش میں جان دیدی۔ متوفی نواز کے غم سے چور باپ محمد بشیر نے کہا کہ بجلی کی ننگی تاروں کے بارے میں واپڈا والوں کو کئی مرتبہ آگاہ کیا لیکن انہوں نے سنی ان سنی کر دی۔ بشیر نے کہا کہ اس کے بھائیوں نے ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے جان دی۔ موقع پر موجود رشتہ داروں اور اہل علاقہ نے مرنے والوں کے اہل خانہ کی کفالت کیلئے وزیراعظم اور وزیر اعلی پنجاب سے امداد کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ متوفی شبیر کے سات جبکہ نصیر کے چار بچے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔