Friday, May 3, 2024

لاہور : کارسواروں کی فائرنگ سے زخمی سٹیج اداکارہ قسمت بیگ جاں بحق

لاہور : کارسواروں کی فائرنگ سے زخمی سٹیج اداکارہ قسمت بیگ جاں بحق
November 24, 2016

لاہور (92نیوز) نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والی سٹیج اداکارہ قسمت بیگ ہلاک ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سٹیج کی اداکارہ قسمت بیگ پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے کینال روڈ پر فائرنگ کر دی جس سے اداکارہ اور اس کا سکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا مگر اداکارہ قسمت بیگ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

نامعلوم حملہ آوروں نے انہیں بارہ گولیاں ماریں۔ حملہ آوروں کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ پر قاتلانہ حملہ نامعلوم افراد نے کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کی والدہ نے کہا کہ قسمت بیگ پر پہلے بھی قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں۔ فیصل آبادمیں جنہوں نے حملہ کیا تھا ان سے صلح ہو چکی ہے۔ اب ان کی کسی سے دشمنی نہیں اس لیے واقعہ قاتلانہ حملہ ہے۔

اداکارہ کے سیکرٹری علی بٹ نے کہا کہ پسٹل اور لوہے کے راڈ سے مسلح حملہ آور گھر سے کچھ دور گھات لگائے بیٹھے تھے۔ انہوں نے میڈم کا پاوں پکڑ کر بارہ گولیاں ماریں۔ پولیس کے مطابق اداکارہ پر فائرنگ کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جبکہ ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ قسمت بیگ پر فائرنگ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتی ہے۔