Saturday, April 20, 2024

لاہور کا بدنام زمانہ قبضہ مافیا منشا بم سپریم کورٹ کے احاطے سے گرفتار

لاہور کا بدنام زمانہ قبضہ مافیا منشا بم سپریم کورٹ کے احاطے سے گرفتار
October 15, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پنجاب پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم منشا بم کو احاطہ  سپریم کورٹ سے گرفتار کرلیا گیا،  منشا بم ازخود سپریم کورٹ پہنچا جہاں عدالت کو درخواست دی مگر سنوائی نہ ہوئی ۔ پولیس تو نہ پکڑ سکی  مگر کئی دنوں کی رپوشی کے بعد لاہور میں مبینہ قبضہ گروپ کا سربراہ خود سپریم کورٹ پہنچ گیا  ، منشا بم سپریم کورٹ پہنچا اور سیدھا چیف جسٹس کے چیمبر کا رخ کیا مگر چیف جسٹس وہاں موجود نہ تھے  تو دن بھر عدالت میں ہی رہا  جبکہ میڈیا پر منشا بم کی عدالت میں موجودگی  کی خبریں بھی گردش کرتی رہی ۔ بم بم کے نام سے شہرت پانے والا منشا کھوکھر اور مبینہ قبضہ گروپ کے سربراہ  کا کہنا ہے کہ ہے عدالت کے سامنے سرینڈر کرنے آیا ہوں  اور درخواست بھی دے دی ہے  کہ شامل تفتیش کیا جائے  اور انکوائری بھی کوئی انتہائی ایماندار آفیسر کرے ۔ نام اتنا برا کہ ہر کوئی دیکھنے کا خواہش مند تھا مگر منشا بم کا کہنا ہے کہ عدالت اُسے طلب کر رہی ہے یہ تو اُسے سوشل میڈیا پر پتہ چلا ،قانون کی پاسداری کرنے والا شہری ہوں کبھی ہو ہی نہیں سکتا کہ عدالت کے سامنے پیش نہ ہو  ،عدالت تحفظ فراہم کرے ۔ یہ سب کچھ اپنی جگہ مگر منشا بم کی سنوائی نہ ہوئی  اور درخواست سماعت کے لئے مقرر نہ کی گئی تو قانون حرکت میں  آگیا  اور حاطہ عدالت سے بم گرفتار ہو کر سیکریٹریٹ تھانے منتقل کر دیا گیا۔ واضح رہے لاہور میں قبضہ گروپوں کے خلاف آپریشن کے دوران منشا بم کا نام سامنے آیا  ، جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سخت نوٹس لیا اور اس کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے ۔ اسلام آباد پولیس نے ملزم کو گرفتاری کے بعد تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا،  منشا بم کی حوالگی اسلام آباد سیکرٹریٹ پولیس نے لاہور پولیس سے  رابطہ کر لیا ، مگر اسلام آباد پولیس نے بغیر راہداری ریمانڈ منشا بم کو لاہور پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کردیا،پنجاب پولیس کی ٹیم تھانہ سیکرٹریٹ سے خالی ہاتھ روانہ ہو گئی ۔ منشا بم کے خلاف لاہور کے دو تھانوں میں قبضہ اور دہشت گردی کے تین مقدمات درج ہیں۔