Friday, April 19, 2024

لاہور: ڈکیتی مزاحمت پر پانچ افراد کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ، پولیس نے 2ڈاکوؤں کی شناخت کرلی

لاہور: ڈکیتی مزاحمت پر پانچ افراد کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ، پولیس نے 2ڈاکوؤں کی شناخت کرلی
November 28, 2016

 لاہور(92نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور کےعلاقے ملت پارک میں منی ایکسچینج میں ڈکیتی کے دوران پانچ افراد کے قتل کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس نے دو ڈاکوؤں کی شناخت کر لی نائنٹی ٹو نیوز نے دونوں ملزموں کی تصاویر حاصل کر لی ہیں ۔

تفصیلات کےمطابق انیس نومبر کو لاہور کے علاقے سمن آباد میں ہونے والی ڈکیتی کی لرزہ خیز واردات نے شہریوں کے دل دہلا دئیے۔ ڈاکوؤں نے منی ایکسچینج میں ڈکیتی کے دوران اندھا دھند فائرنگ کرکے پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتارا اور فرار ہو گئے واردات سے جہاں اہل علاقہ سوگ میں ڈوب گئے وہاں پولیس بھی سٹپٹا کر رہ گئی۔

 ڈکیتی اور قتل کی وارداتوں نے شہریوں کو خوف وہراس میں مبتلا کر کے رکھ دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کی سرزنش بھی کی لیکن محافظوں کو کوئی سراغ نہ مل سکا۔ ملت پارک میں ڈکیتی اور پانچ افراد کے قتل کے واقعہ کو دس روز گزرنے کے بعد پولیس بالآخر ڈاکوؤں کی شناخت کرنے میں کامیاب ہو گئی۔  پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کو چوبیس گھنٹوں میں  گرفتار کر لیا جائے گا۔ جن ڈاکوؤں کی شناخت ہوئی ہے ان میں زاہد اور جہانگیر عرف بھولا شامل ہیں جن کا تعلق حافظ آباد سے ہے۔