Sunday, September 8, 2024

لاہور : چوبیس گھنٹے کے دوران دس لڑکیاں اغوا ‘ بادامی باغ سے ایک اور لڑکا غائب

لاہور : چوبیس گھنٹے کے دوران دس لڑکیاں اغوا ‘ بادامی باغ سے ایک اور لڑکا غائب
July 20, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں بچوں کے اغوا کے واقعات کا سلسلہ نہ رک سکا جبکہ اب لڑکیوں کے اغوا کا خوفناک سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سے 24 گھنٹوں کے دوران 10 لڑکیاں اغوا کرلی گئیں۔ اغوا ہونے والی لڑکیوں کی عمریں 12 سے 20 سال کے درمیان ہیں۔ لڑکیوں کو وحدت کالونی، گرین ٹاﺅن‘ قلعہ گجر سنگھ‘ جنوبی چھاونی‘ باٹا پور‘ نشتر کالونی‘ نولکھا اور راوی روڈ سے اغوا کیا گیا۔ پولیس نے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ چھ ماہ کے دوران لاہور سے اغوا ہونے والے بچوں کی تعداد دو سو گیارہ ہو گئی۔ بادامی باغ سے ایک اور چودہ سالہ لڑکا اغوا ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بادامی باغ کا رہائشی چودہ سالہ یاسین فجر کے وقت نماز پڑھنے گیا مگر واپس نہ آیا۔ اہل خانہ تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔ پولیس نے والدین کی درخواست پر نامعلوم افراد کےخلاف بچے کے اغوا کامقدمہ درج کر لیا ہے۔