Friday, March 29, 2024

لاہور میں پیپلزپارٹی کا کارکن بابربٹ فائرنگ سے قتل

لاہور میں پیپلزپارٹی کا کارکن بابربٹ فائرنگ سے قتل
March 13, 2017

لاہور (92نیوز) مناواں کے علاقے لکھوڈیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پیپلزپارٹی کے کارکن بابر سہیل بٹ جاں بحق ہو گئے۔ پیپلزپارٹی کی لاہور میں تنظیمی سرگرمیاں معطل، آج ہونے والا اہم اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا۔ آصفہ بھٹو زرداری کہتی ہیں ہمیں خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں لکھوڈیر میں پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما بابرسہیل بٹ اپنے گھر میں موجود تھے کہ نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس سے بابر بٹ شدید زخمی ہو گئے۔ ان کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا مگروہ جانبر نہ ہو سکے۔

پولیس نے بابر بٹ کے قتل میں ان کےگن مین عاطف جٹ کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کے گن مین عاطف عرف عاطی جٹ نے بابر بٹ کی مخبری کی اور ملزمان کے آنے پر گھر کا دروازہ کھلا رکھا۔

بابر بٹ پاکستان پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما تھے اور وہ پیپلزپارٹی کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی نشست پر الیکشن بھی لڑ چکے ہیں۔ بابر بٹ کی لاش کو پولیس نے تحویل میں لیکر مردہ خانے منتقل کر دیا اور تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

دوسری جانب آصفہ بھٹو نے اپنے ٹویٹ میں واقعہ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے ہمیں ابھی بھی خاموش کرانےکی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بابربٹ کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ بابربٹ کے قتل کے بعد پیپلزپارٹی کی لاہور میں تنظیمی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں اور پیپلزپارٹی کا آج ہونے والا اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔