Friday, April 26, 2024

لاہور پولیس کا کمسن بچی اور بچے کے سامنے موٹرسائیکل سوار پر تشدد، میرے بابا کو چھوڑ دو، بچی کی دہائی، پولیس کو ترس نہ آیا

لاہور پولیس کا کمسن بچی اور بچے کے سامنے موٹرسائیکل سوار پر تشدد، میرے بابا کو چھوڑ دو، بچی کی دہائی، پولیس کو ترس نہ آیا
June 23, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) فیصل آباد میں پولیس گردی  کے باعث نوجوان جان سے گیا مگر لاہور پولیس بھی پیچھے نہ رہی اور تمام اخلاقی حدود پامال کرتے ہوئے موٹرسائیکل سوار شخص دلاور کو کمسن بیٹی اور بیٹے  کے سامنے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور بچوں سمیت تھانے لے گئی۔ میرے بابا کو چھوڑ دو، میرے بابا کو چھوڑ دو، سات سالہ بچی کی التجاؤں کے باوجود پولیس اہلکاروں کے دل موم نہ ہوئے اور دلاور کو سات سالہ بیٹی اور چار سالہ بیٹے سمیت گاڑی میں تھانے لے گئے۔ مصری شاہ میں کاغذات نہ دکھانے پر پولیس اہلکاروں اور موٹرسائیکل سوار دلاور میں تلخ کلامی پر پولیس اہلکاروں نے دلاور کو دبوچ کر تشدد کا نشانہ بنایا جس پر بچی خوفزدہ ہو کر باپ کو چھوڑنے کی دہائی دینے لگی لیکن بے رحم پولیس والوں کو بچی کی بے بسی اور التجائوں پر بھی رحم نہ آیا جبکہ  خوف کی تصویر بنا چار سال کا بیٹا بے بسی سے باپ پر پولیس کا ظلم  دیکھتا رہا اور آنسو بہاتا رہا۔ راہگیروں اور مقامی رہائشیوں نے پولیس اہلکاروں کی منت سماجت کر کے معاملہ رفع دفع کرانے کی کوشش کی تو بپھرے اہلکار انہیں بھی سنگین  نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے دلاور اور اس کے دونوں بچوں کو گاڑی میں ڈال کر تھانے لے گئے۔